ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں بیٹی اور باپ کی ایک ساتھ موت ؛ گاوں کے لوگ صدمہ سے دوچار

بھٹکل میں بیٹی اور باپ کی ایک ساتھ موت ؛ گاوں کے لوگ صدمہ سے دوچار

Mon, 12 Jul 2021 18:34:07    S.O. News Service

بھٹکل 12 جولائی (ایس او نیوز)     تعلقہ کے ماروکیری  کے رہنے والے  باپ  اور بیٹی کی آدھے گھنٹے کے وقفے کے اندر موت ہوجانے سے پورے گاوں میں سناٹا چھاگیا ہے اور لوگ صدمے سے دوچار ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ   بیٹی کو تین دنوں سے  سانس لینے میں تکلیف سمیت گلے میں تکلیف تھی، اسے اتوار دیر رات  کو تکلیف    زیادہ  ہونے پر اُڈپی لے جایا گیا تھا، جہاں علاج کارگر نہ  ہونے سے وہ وہیں چل بسی۔

اطلاع کے مطابق    تعلقہ کے ماروکیری پنچایت حدود کے  ہیجیلو نامی مقام  کی رہنے والی    کاویا راما گونڈا (16) کو جب  سانس لینے کی تکلیف بڑھی تو اسے  اتوار  رات پہلے بھٹکل سرکاری اسپتال، پھر کنداپور اور بعد میں  اُڈپی کے سرکاری اسپتالے جایا گیا تھا، بتایا گیا ہے کہ  اس کے ہاتھوں اور  پاوں میں بھی سوجن دیکھی گئی تھی،  ڈاکٹروں نے اسے بچانے کی ہرممکن کوشش کی مگر پیر کو صبح کی اولین ساعتوں میں   اس نے دم توڑ دیا۔ پتہ چلا ہے کہ اس کی کووِڈ رپورٹ نیگیٹیو  آئی ہے۔

بتایا گیا ہے  کہ اتوار  رات کو    کاویا  کے والد  راما گونڈا (45) کو بھی   سانس لینے میں تکلیف شروع  ہوگئی  ، اسے بھی دیر رات کو   ہی بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں پیر  کی اولین ساعتوں میں  اس نے  دم  توڑ دیا۔   

اطلاع کے مطابق  کاویا  گونڈا پورورگہ میں واقع   کتّور رانی چنمّا رہائشی اسکول میں دسویں کی طالبہ تھی، اس نے 19 جولائی کو ہونے والے ایس ایس ایل سی امتحان کی تیاری بھی کرلی تھی اور تین  روز قبل ہی  امتحان لکھنے کے لئے ہال ٹکٹ بھی  حاصل کر لی تھی،  مگراس سے پہلے ہی موت آگئی۔ اس کے والد راما گونڈا قلی مزدوری کام کرتے  تھے ۔ کاویا کو ایک چھوٹا بھائی بھی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ   یہ لوگ بے حدغریب خاندان سے  ہیں۔

ایک ساتھ  ایک ہی گھر  کے  دو لوگوں کی موت پر پورے دیہات میں ماتم چھا گیا ہے اور ہرکوئی صدمہ سے دوچار ہیں۔


Share: